ایس ای سی پی نے کارپوریٹ انشورنس ایجنٹس ریگولیشنزمتعارف کروا دیئے
اسلام آباد: سکیورٹیزاینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے انشورنس پالیسی ہولڈروں کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے اور پالیسی کی فروخت کے وقت صارف کو واضح اور مکمل معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے نئے کارپوریٹ انشورنس ایجنٹس ریگولیشنز متعارف کروا دئے ہیں۔ ایس ای سی پی کے پالیسی بورڈ کی منظوری سے جاری کئے گئے ریگولیشنز کا مقصد پالیسی ہولڈروں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا اور بیمہ کے شعبہ کو مستحکم طور پر فروغ دینا ہے۔
ںئے کارپوریٹ انشورنس ایجنٹس ریگولیشنز میں کارپوریٹ انشورنس ایجنٹس بشمول بنکوں کی جانب سے انشورنس پالسی کی فروخت کے طریقہ کار کو سہل، واضح اور شفاف بنایا گیا ہے جبکہ پالسیوں کی فروخت کے لئے ایجنٹوں کا کوڈ آف کنڈکٹ بھی دیا گیا ہے۔ نئے ریگولیشنز میں انشورنس پالیسیوں کی فروخت اور ڈسٹری بیوشن کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔
انشورنس کارپوریٹ ایجنٹوں کے ریگولیشنز میں کسی انشورنس ایجنٹ کے ذریعے انشورنس پالیسی کی فروخت کے بعد کمپنی کی جانب سے صارف کو شرائط و ضوابط کی واضح فراہمی اور تصدیق کے لئے ٹیلی فون کال بھی کی جائے گی جبکہ فون کال کے ذریعے بتائی جانے والی لازمی معلومات اور سوالات بھی ریگولیشنز کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
تاہم اس کے علاوہ صارف کے خریدی جانے والی پالیسی کے بارے میں بھی تمام معلومات کی فراہمی ، بنک کی فیس وغیرہ کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔ نئے ریگولیشنز ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دئے گئے ہیں۔