
کراچی: پاکستان کی معروف فارماسیوٹیکل کمپنی مارٹن ڈاؤ مارکر لمیٹڈ (ایم ڈی ایم) نے ملک کی سرکردہ فارمیسی چین DVAGO کے ساتھ امراض کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان تک رسائی میں تعاون (جی پی اے اے سی) پروگرام کو بہتر بنانے کے لیے آج مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
اس پروگرام کا مقصد مریضوں کی آگاہی، رسائی اور بنیادی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے ساتھ DVAGO کے فارماسسٹ کی تربیت کرنا ہے۔
اس اسٹریٹجک تعاون کا بنیادی مقصد بیماری اور خوراک کے حوالے سے مریضوں کی آگاہی کو بڑھانا اور صحت کے مسائل کے حوالے سے عوام تک قابل اعتماد معلومات کو پہنچانا ہے۔
یہ مقصد فارماسسٹ کے تربیتی پروگرام، فارمیسی کے انتظام میں مہارت کی تربیت اور تعلیمی بیداری کے سیشنز کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے، تاکہ عوام تک ادویہ کی رسائی کو بہتر بنایا جاسکے اور انہیں اس کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔
یہ تعاون مارٹن ڈاؤ مارکر کو DVAGO کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مریضوں کو ان کے گھر میں مستند ادویہ فراہم کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا، تاکہ وہ وبائی امراض کے دوران محفوظ رہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گروپ ڈائریکٹر بزنس گروتھ اینڈ اسٹریٹجی مارٹن ڈاؤ گروپ ڈاکٹر انعم اکھائی نے کہا کہ ہم کوویڈ 19 اور نئے ویریئنٹ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان عوام کی مناسب طریقے سے خدمت کے مقصد کے تحت سرکردہ تنظیموں کے ساتھ مریضوں کی حفاظت اور آگاہی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
مارٹن ڈائو مارکر عوام کے مفاد میں صحت کے حوالے سے بہتر سہولتیں کی فراہمی کے لیے قابل طبی ماہرین کے ساتھ مل کر مفت طبی اسکریننگ اور مشاورتی کیمپوں کی سہولت فراہم کرے گا۔