
کراچی : فائزر پاکستان اور بائیوٹیک ایس ای نے آج حکومت پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے کہ جس کے تحت کووڈ 19 ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔
یہ خوراکیں 2021 کے دوران فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کنٹری منیجر فائزر پاکستان سید محمد وجیہہ الدین نے کہا کہ” ہمیں حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور کووڈ-19 ویکسین کی فراہمی کے مشترکہ ہدف کے جلد از جلد حصول کے لیے اپنے سائنسی اور مینوفیکچرنگ وسائل کو پاکستان کے عوام کے لیے استعمال کرنے پر فخر ہے۔
صحت کے موجودہ عالمی بحران کے پیش نظر مریضوں کی زندگیاں بدل دینے والی کامیابی کا حامل فائزر کا مقصد پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری ویکسین ایساکرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔“
بائیو این ٹیک کے چیف بزنس اور چیف کمرشل آفیسر شان میرٹ نے کہا کہ” میں حکومت پاکستان کی معاونت اور ویکسین کی تیاری میں ہماری صلاحیت پر بھروسہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہم میں وہ صلاحیت موجودہ ہے کہ ہم وبائی خطرے سے نمٹنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
ہمارا ہدف جلد از جلد دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بلارکاوٹ اور مؤثر انداز میں کووڈ 19 ویکسین کی فراہمی یقینی بنایا ہے۔“
فائزر اور بائیوٹیک کا مقصد 2021 کے آخر تک عالمی سطح پر کووڈ 19 ویکسین کی 3 ارب سے زیادہ خوراکیں تیار کرنا ہے جس میں چھ خوراکوں کی لیبلنگ، مسلسل عمل میں بہتری، موجودہ سہولیات میں توسیع اور نئے سپلائرز اور کنٹریکٹ مینوفیکچر کی شمولیت جیسے مراحل بھی شامل ہیں۔
بائیو این ٹیک کی زیر ملکیتی ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر مبنی ویکسین بائیو این ٹیک اور فائزر دونوں نے تیار کی تھی اور امریکا، برطانیہ، یورپ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں مارکیٹنگ کا اختیار با ئیو این ٹیک کے پاس ہے۔