
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے روس اور یوکرین درمیان شدید کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ثالثی کی پیش کش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس یوکرین تنازع میں ترک صدر کی جانب سے روس اور یوکرین کو ثالثی کی پیشکش ہوئی ہے، رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انقرہ کے ماسکو، کیف دونوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ اس سے قبل بھی اردوان نے ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی بحیرۂ اسود میں دو دوست ممالک کے درمیان بحران کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دورے پر آنے والے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے کیف کے ماسکو کے ساتھ تنازع میں ثالثی کی پیش کش کا خیر مقدم کیا تھا۔
واضح رہے کہ یوکرین بیلاروس کی سرحد پر روس سے مذاکرات کرنے پر رضا مند ہو گیا ہے، یوکرینی صدر نے کہا یوکرین اور روسی وفود پیشگی شرائط کے بغیر ملاقات کریں گے۔
ایک طرف نیٹو کی دھمکیوں کے جواب میں روسی صدر پیوٹن نے نیوکلیئر ڈیٹرنٹ فورسز (جوہری افواج) کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے، دوسری طرف روسی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے کیف کے مضافات میں ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔