پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، جو کہ تیل اور گیس کی تلاش کے میدان میں سرگرم کمپنی ہے، نے سندھ کے ضلع سجاول میں واقع جہم ایسٹ ایکس ون نامی کنویں کو کامیابی کے ساتھ فعال کر لیا ہے۔
کراچی: پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے سجاول ضلع میں واقع جہم ایسٹ ایکس ون نامی کنویں کو کامیابی کے ساتھ فعال کر لیا ہے۔ کمپنی نے اس پیش رفت کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خصوصی نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس کے مطابق، یہ کنواں شاہ بندر جوائنٹ وینچر بلاک (بلاک 2467-16) کے تحت تلاش اور ترقیاتی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر فعال کیا گیا۔ اس کنویں کی روزانہ گیس کی پیداوار تقریباً 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) اور 150 بیرل سے زائد کنڈینسیٹ (بی پی ڈی) ہے، جبکہ اس کا فلوئنگ پریشر تقریباً 2,800 پاو ¿نڈز فی اسکوائر انچ (پی ایس آئی) ہے۔
پی پی ایل نے مزید بتایا کہ جہم ایسٹ ایکس-1 سے حاصل کردہ گیس کو سندھ کے سجاول گیس پروسیسنگ فیسلٹی میں پروسیس کیا جا رہا ہے تاکہ اسے ایس ایس جی سی کو فراہم کیا جا سکے۔ کمپنی نے اس بات پر زور دیا کہ اس کنویں کی کمیشننگ سے قومی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں گیس کی فراہمی میں اضافہ ہوگا، جو کہ موجودہ توانائی کے بحران کے دوران رسد اور طلب کے درمیان فرق کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اور اس کے ذریعے ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
یہ کنواں شاہ بندر جوائنٹ وینچر کا حصہ ہے، جس میں پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 63 فیصد)، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 32 فیصد)، سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 2.50 فیصد) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (ڈبلیو آئی 2.50 فیصد) شامل ہیں۔
تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے ڈے نیوز کو گوگل نیوز، انسٹاگرام، یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر فالو کریں۔