
کراچی: کے الیکٹرک نے حالیہ بارش کے سسٹم سے کراچی شہر میں رونما ہونے والے مختلف واقعات میں عوامی املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، اور اس بات کو بھی واضح کیا ہے کہ ان واقعات میں سے بیش تر میں کے الیکٹرک کا انفراسٹرکچر شامل نہیں۔
اطلاعات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر اسٹریٹ لائٹ پولز گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا، جسے میڈیا پر بجلی کے پول کے طور پر رپورٹ کیا گیا۔
ترجمان کے الیکٹرک نے واضح کیا کہ اسٹریٹ لائٹ پولز کے الیکٹرک کی ملکیت نہیں اور نہ ہی ان کی دیکھ بھال، مرمت اور مینٹینس کی ذمہ داری سے کے الیکٹرک کا کوئی تعلق ہے۔
دوسری جانب شہر بھر میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے فیرئر ہال پارک کے قریب درخت گرنے سے کے الیکٹرک کے پول کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کے ای کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بجلی منقطع کردی تھی جو پول ہٹانے کے بعد بحال کردی گئی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین سے یہ گازرش کی جاتی ہے کہ شہر میں جاری بارشوں کے دوران شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی اور انٹر نیٹ کیبلز اور بجلی کی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور گھر میں موجود برقی آلات کو بھی احتیاط کے ساتھ استعمال کریں۔
کے الیکٹرک شہر میں موسم کی بدلتی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اوراس کی ٹیمز مکمل طور پر متحرک ہیں۔
عوام کی سہولت کے لیے کے الیکٹرک 24/7 دستیاب ہے جسے 118 کال سینٹر ، 8119 پر ایس ایم ایس ، کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور کے ای لائیو ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔