
کراچی: فیصل بینک لمیٹڈ نے نٹ شیل کمیونی کیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک کمیونی کیشن شراکت داری کرلی ہے۔
نٹ شیل کمیونی کیشن فیصل بینک کو اسٹیک ہولڈر کی مصروفیت، کارپوریٹ برانڈنگ اور اسٹریٹجک کمیونی کیشن خدمات فراہم کرے گا۔
فیصل بینک ہیڈ آفس میں منعقدہ معاہدے کی تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) فیصل بینک لمیٹڈ راحیل اعجاز اور نٹ شیل کمیونی کیشنز کی ڈائریکٹر و چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) رابعہ احمد نے دستخط کیے۔
اس موقع پر فیصل بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) یوسف حسین اور دونوں اداروں کے سینئر عہدیداران موجود تھے۔
فیصل بینک لمیٹڈ نے 3 اکتوبر 1994ء کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں کام شروع کیا۔ بینک کے حصص (شیئرز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ ہیں۔
فیصل بینک کمرشل، ریٹیل، کارپوریٹ اور اسلامی بینکاری سرگرمیوں میں مصروف ہے اور اُس کا نیٹ ورک 600 (595 اسلامی سمیت) برانچوں کے ساتھ 200 سے زائد شہروں میں پھیلا ہوا ہے۔
فیصل بینک روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کاسنگ میل عبور کرنے کے قریب ہے۔ اس تاریخی کارنامے کو دنیا کی سب سے بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت ایک بڑے بینک میں اتنی بڑی تبدیلی آئی ہے۔
نٹ شیل کمیونی کیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نٹ شیل گروپ کا ایک ذیلی ادارہ اور مکمل اسپیکٹرم کمیونی کیشن فرم ہے۔ جو پاکستان بھر میں اپنے کلائنٹس اور شراکت داروں کو اسٹریٹجک انگیجمنٹ اور کمیونی کیشن سلوشن فراہم کرتی ہے۔