
پاکستان چیمپئنز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں،
کیونکہ بھارتی ٹیم نے حالیہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد سیاسی حساسیت کا حوالہ دیتے ہوئے شیڈول سیمی فائنل میچ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ یہ
خبر بدھ کو بھارتی میڈیا، دی ہندو کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔
یہ ہائی پروفائل مقابلہ جمعرات کے روز ایجبیسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانا تھا۔ تاہم،
بھارتی چیمپئنز، جن میں شیکھر دھون، یوراج سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ جیسے
سابق بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہیں، نے بطور احتجاج میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے
مطابق بھارتی ٹیم نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور حالات کے
پیش نظر وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کرے گی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا موقع ہے جب بھارت نے پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کیا ہے۔
گروپ مرحلے کے دوران بھی اسی نوعیت کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے باعث وہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت بھارت کی دستبرداری کے بعد پاکستان کو فائنل میں براہِ راست رسائی حاصل ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں، ٹورنامنٹ کے اسپانسر ایز مائی ٹرپ کے شریک بانی نشانت پٹی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کی
کمپنی بھارت اور پاکستان کے درمیان کسی بھی میچ کے ساتھ اپنا تجارتی تعلق جاری نہیں رکھے گی۔
نشانت پٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا:
"کچھ چیزیں کھیل سے بڑی ہوتی ہیں۔ پہلے قوم، پھر کاروبار، ہمیشہ!”
دوسری جانب، بھارت چیمپئنز نے منگل کے روز ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے خلاف شاندار کارکردگی
دکھاتے ہوئے 13.2 اوورز میں ہدف حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان چیمپئنز بھی ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل رہے ہیں،
اور گروپ مرحلے میں سرفہرست پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔