شاہ رخ خان فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی، علاج کےلیے امریکا منتقل

شاہ رخ خان کی صحت یابی کے لیے دعایں، ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ میں رکاوٹ:
بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں،
جس کے بعد ان کا علاج کے لیے امریکا منتقل کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق
یہ واقعہ ممبئی میں پیش آیا جب ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان کو کمر میں چوٹ لگی۔
اگرچہ چوٹ کی شدت کے بارے میں واضح معلومات نہیں مل سکیں،
لیکن ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ مکمل صحت یابی ممکن ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ایک ہائی اوکٹین ایکشن سین کے دوران ہوا،
جس میں شاہ رخ خان نے خود اسٹنٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ
شاہ رخ خان پہلے بھی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو چکے ہیں،
مگر انہوں نے ہمیشہ جلد صحتیابی کے بعد کام پر واپس لوٹنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
2017 میں بھی ’’زیرو‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کے گردن میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد انہیں امریکا میں علاج کروانا پڑا تھا۔
حالیہ حادثے کے بعد فلم کی پروڈکشن ٹیم نے شاہ رخ خان کی صحت یابی تک شوٹنگ کو مؤخر کر دیا ہے۔
فلم انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق اس تاخیر کی وجہ سے بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے،
مگر پروڈیوسرز اداکار کی صحت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ گزشتہ سال سے
جاری ہے اور اسے 2026 کے اوائل میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔
ابتدا میں اس کی ہدایتکاری سوجوئے گھوش کرنے والی تھیں،
لیکن بعد میں ’’پٹھان‘‘ کے کامیاب ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے اس کا ذمہ سنبھالا۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی، سہانا خان، اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں اور
اپنی اداکاری کے ذریعے فلم کو مزید دلکش بنائیں گی۔ اس کے علاوہ،
ابھیشیک بچن بھی اہم کردار ادا کریں گے، اور خبریں ہیں کہ فلم میں شاہ رخ خان اور سہانا خان کا
باپ بیٹی کا رشتہ بھی دکھایا جائے گا، جو کہانی میں جذباتی گہرائی کا اضافہ کرے گا۔
مداحوں کی جانب سے شاہ رخ خان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال انہوں نے ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے اپنے
کیریئر کے ایک نئے اور طاقتور باب کا آغاز کیا تھا۔ صحت میں بہتری کے بعد،
امید ہے کہ فلم کی شوٹنگ جلد دوبارہ شروع ہو جائے گی اور شاہ رخ خان اپنی فلم کی ریلیز کو شیڈول کے
مطابق مکمل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان کے مداح جلد سے جلد سینما میں انہیں دیکھ سکیں۔