
ڈھاکہ میں تربیتی طیارہ حادثہ، کم از کم 19 ہلاک، کئی زخمی:
پیر کے روز دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایک تربیتی طیارہ ایک کالج اور اسکول کے کیمپس پر گر کر تباہ ہو گیا،
جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائر سروس کے ایک ذمہ دار نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے ایک ڈاکٹر کے مطابق،
اس حادثے میں بچوں اور بڑوں سمیت 50 سے زیادہ افراد جھلسنے کے سبب اسپتال میں داخل کرائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ڈھاکہ کے شمالی علاقے اُتّرا میں واقع مائل اسٹون اسکول اینڈ کالج میں پیش آیا۔
فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایف 7 بی جی آئی تربیتی طیارہ اُتّرا میں گر کر تباہ ہو گیا۔
طیارہ مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چھ منٹ پر پرواز کر رہا تھا۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں آگ اور دھوئیں کے گہرے بادلوں کو دیکھا جا سکتا ہے جو لان کے قریب بلند ہو رہے ہیں،
جبکہ لوگ دور سے یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔
رائٹرز ٹی وی کی ویژولز میں بھی دکھایا گیا ہے کہ فائرفائٹرز تباہ شدہ طیارے پر پانی ڈال رہے ہیں، جس کا ٹکراو کسی عمارت سے ہوا ہے۔
اس حادثے کے نتیجے میں عمارت کی آہنی گرل تباہ ہو گئی اور دیوار میں بڑا شگاف پڑ گیا ہے۔