اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے رائٹ ٹو پلے انٹرنیشنل پاکستان کے تعاون سے گول ایکسلریٹر (Goal Accelerator) پروگرام کا آغاز کر دیا۔ یہ پروگرام خواتین کی معاشی شمولیت اور روزگار میں اضافے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ تقریب کا انعقاد اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے ہیڈ آفس میں کیا گیا۔
گول ایکسلریٹر پروگرام، 2016 میں شروع کیے گئے گول پروگرام کا ارتقا ہے، جس کا مقصد کھیلوں پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے پسماندہ علاقوں کی لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو باعزت روزگار اور معاشی استحکام فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت 17 سے 35 سال کی عمر کی 450 نوجوان خواتین کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی شہری کچی آبادیوں سے منتخب کیا جائے گا۔ انٹرپرینیورشپ کے لیے کم از کم تعلیم آٹھویں جماعت جبکہ ملازمت کے لیے زیادہ سے زیادہ بارہویں جماعت رکھی گئی ہے۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ریحان شیخ نے کہا، "آج کا دن نہ صرف بینک بلکہ ان تمام خواتین کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو اس پروگرام سے مستفید ہوں گی۔ 2016 سے ہم نے 140 اسکولوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے، اور اب تک 90,000 سے زائد خواتین کو معاشی خود مختاری کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کی ہیں۔”
رائٹ ٹو پلے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر علی خیام نے کہا کہ "یہ شراکت داری گزشتہ آٹھ سالوں میں ہزاروں نوجوان لڑکیوں کی زندگیوں میں بہتری لائی ہے۔”
تقریب کا اختتام خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عزم پر کیا گیا، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔