غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد، پی سی بی نے ابتدائی تیاریوں کا آغازکردیا
چاروں ہوم سیریز میں قومی ٹیم کیلئے اسپانسرز پارٹنرشپ رائٹس کیلئے اشتہارات جاری
لاہور: سال 2021ء میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کی متوقع پاکستان آمد کے پیش نظرپاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے انعقاد کے لیے ابتدائی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
پی سی بی نے چاروں بڑی ہوم سیریز میں قومی ٹیم کے لئے اسپانسرز پارٹنرشپ رائٹس کے لیے اشتہارات بھی جاری کردئیے ہیں۔ کوویڈ 19 کے پیش نظر دنیا بھر کے حالات دیکھتے ہوئے پی سی بی نے سینی ٹائزیشن اور ہائی جین پارٹنررائٹس کے لئے بھی پیشکشیں مانگی گئی ہیں۔پاکستان کی پہلی سیریز جنوری، فروری 2021ء میں جنوبی افریقہ کے ساتھ طے ہے جس میں 2 ٹیسٹ اور تین ٹونٹی میچز کراچی راولپنڈی اورلاہور میں شیڈول ہیں۔
پی سی بی نے اگلے سال اپنی ہوم سیریز کے پارٹنر شپ رائٹس کے ساتھ ساتھ سیریز ٹائٹل پارٹنر شپ، سیریز پریزنٹنگ اور کیٹگری پارٹنرشپ رائٹس کے لیے بھی اشتہار جاری کردیا ہے جب کہ ریڈیو اور آڈیو سٹریمنگ کے علاوہ وائرلیس موبائل ٹیلی فون رائٹس کے لئے بھی خواہش مند پارٹیوں سے پیشکش طلب کی گئی ہیں، پیشکشیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 دسمبر رکھی گئی ہے۔