
پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مدد سے استحکام کا امکان:
بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پور گلوبل (ایس اینڈ پی گلوبل) نے پاکستان کی خودمختار
کریڈٹ ریٹنگ کو جمعرات کو ’+CCC‘ سے بڑھا کر ’-B‘ کردیا ہے، اور ملک کا آؤٹ لک ’مستحکم‘ برقرار رکھا ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ یہ بہتری آئی ایم ایف کی مالی معاونت کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے،
جس نے پاکستان کے مالی حالات اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوطی فراہم کی ہے۔
ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ مستحکم رجحان اس بات کی علامت ہے کہ ملک کی جاری
معاشی بحالی اور حکومتی آمدنی میں اضافے کی کوششیں مالی اور قرض کے حوالے سے استحکام پیدا کریں گی۔
اس کے علاوہ، ایس اینڈ پی کا یہ بھی ماننا ہے کہ جاری سرکاری مالی امداد پاکستان کو بیرونی
واجبات کی ادائیگی میں مدد دے گی اور آئندہ 12 ماہ کے دوران ملک اپنے تجارتی قرضوں کی سہولیات کو
جاری رکھے گا۔ دوسری جانب، پاکستان کے طویل مدتی بانڈز کی ریٹنگ اپ گریڈ ہونے کے بعد ان کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
خاص طور پر 2051 کے میچورٹی بانڈز نے 1.6 سینٹ کا اضافہ کیا ہے اور اب 84.85 سینٹ فی ڈالر کے
نرخ پر خریدے جا رہے ہیں، جیسا کہ ٹریڈ ویب کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے۔ اسی طرح،
2031 اور 2036 کے بانڈز میں بھی تقریباً ایک سینٹ کا اضافہ ہوا ہے،
جبکہ کم میعاد والے بانڈز میں معمولی بہتری دیکھی گئی ہے۔