
ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر چھوٹے طیارے کا حادثہ، پروازیں منسوخ اور امدادی سرگرمیاں جاری:
انگلینڈ کے ایسیکس کاؤنٹی کے ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ پر ایک چھوٹے طیارے کے ٹیک آف کے بعد حادثہ پیش آیا،
جس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔
واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور امدادی ٹیمیں تیزی سے کام کر رہی ہیں۔
برطانوی آن لائن اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق،
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹا مسافر طیارہ، جو کہ ایک بیچ B200 قسم کا تھا، ہالینڈ کے لیلیسٹڈ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔
ٹیک آف کے فوری بعد ہی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، اور آسمان میں آگ کا ایک بڑا گولہ بلند ہوا۔
ایسیکس پولیس اور ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروسز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پولیس کے مطابق، انہیں شام 4 بجے سے کچھ قبل ایک 12 میٹر لمبے طیارے کے حادثے کی اطلاع ملی،
اور وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ایسیکس پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ
جب تک امدادی کارروائیاں مکمل نہیں ہو جاتیں، اس علاقے سے دور رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں گی۔
ساؤتھ اینڈ ویسٹ کے لیبر ایم پی، ڈیوڈ برٹن-سیمسن نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے
ردعمل میں کہا کہ وہ اس واقعے سے آگاہ ہیں اور عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ ہنگامی خدمات
کو کام کرنے دیں، اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔
ایزی جیٹ، جو لندن ساؤتھ ایئرپورٹ کو اپنی بیس کے
طور پر استعمال کرتی ہے اور ہفتہ وار 122 پروازیں چلاتی ہے، نے اس واقعے کے بعد اپنی
پیرس، الیکانٹے، فارو اور پالما ڈی مالورکا کے لیے چار شام کی پروازیں منسوخ کر دیں ہیں۔
حادثے کے بعد، ایسیکس پولیس نے روچفورڈ ہنڈرڈ گالف کلب اور ویسٹکلف رگبی کلب کو خالی کروایا ہے،
جس کا مقصد کریش سائٹ سے قربت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔
ایئرپورٹ کے ڈپارچر بورڈ کے مطابق، آج کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں،
تاہم، ارائیول بورڈ کے مطابق، ساؤتھ اینڈ پر آنے والی پروازیں وقت پر پہنچیں گی۔
مزید پڑھیے:
ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری
میکسیکو اور یورپی یونین کو یکم اگست سے 30 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا