کوکا کولا نے کرونا کی دوسری لہرمیں 37 وینٹی لیٹرزعطیہ کردیئے
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد، پنجاب حکومت کو 37 وینٹی لیٹرز سپردکردیئے گئے

لاہور: پنجاب میں کرونا کی دوسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر دی کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن (ٹی سی سی ای سی) نے شہریوں کی جان بچانے میں معاونت کے لئے حکومت پنجاب کو درکار بنیادی 37 پورٹیبل وینٹی لیٹرز عطیہ کردیئے ہیں۔ ان وینٹی لیٹرز کے عطیات کی وصولی کی تقریب جمعہ کو لاہور میں وزیر اعلیٰ کے کیمپ آفس میں منعقد ہوئی جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 37 وینٹی لیٹرز کے عطیات وصول کئے۔
اس موقع پر وینٹی لیٹرز کا عطیہ پیش کرنے کے لئے کوکا۔کولا کی طرف سے اسکے وائس پریذیڈنٹ اورجنرل منیجر برائے پاکستان و افغانستان فہد اشرف، کوکا۔کولا کے ایکسٹرنل افیئرز ہیڈ برائے پاکستان و افغانستان ڈاکٹر فیصل ہاشمی جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے اہم افراد میں شامل وزیر ملک نعمان لنگڑیال موجود تھے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کوکا۔کولا پاکستان کے بھرپور تعاون کو سراہا اور ان عطیات کے لئے فہد اشرف اور ڈاکٹر فیصل ہاشمی کا شکریہ ادا کیا۔
یہ پورٹیبل وینٹی لیٹرز مقامی طور پر نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) نے بنائے ہیں جو ایک ریاستی ادارہ ہے اور پاکستان میں مقامی طور پران وینٹی لیٹرز کو تیار کرنے والا یہ پہلا ادارہ ہے۔ این آر ٹی سی سے ان وینٹی لیٹریز کی پہلی خریداری کوکا۔کولا کی جانب سے کی گئی اور یہ وینٹی لیٹرزعوام کی قیمتی جان کے تحفظ کے لئے حکومت کو پیش کئے گئے ہیں، جن کی خریداری پرمجموعی لاگت ایک کروڑ 90 لاکھ روپے آئی ہے ۔
اس موقع پر دی کوکا۔کولا ایکسپورٹ کارپوریشن کے وائس پریذیڈنٹ اور جنرل منیجر برائے پاکستان و افغانستان فہد اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "موجودہ مشکل حالات سے نہ صرف ہماری معیشت متاثر ہوئی ہے بلکہ عالمی وباءسے نمٹنے کے دوران ملکی صحت کے ڈھانچے پر بھی غیرمعمولی دباؤ پڑا ہے جو اب بھی تیزرفتاری سے پھیل رہی ہے۔
اس حقیقت کا اعتراف ضروری ہے کہ ہمیں توقع کے برعکس کر کرونا کی وباءکے ساتھ زیادہ عرصے جینا ہوگا۔ اس لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ صحت کے سرکاری ڈھانچے کو مستحکم اور ضروری سامان سے آراستہ کیا جائے تاکہ ہر ممکن حد تک قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے ۔ اس اہم تعاون سے مقامی اسپتالوں کو مدد ملے گی اور وہ جان بچانے والے ان وینٹی لیٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے دوران بھرپوراندازسے کام جاری رکھ سکیں گے ۔ گوکہ یہ مشکل حالات ہیں پر یہاں اس بات کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے کہ انسانی بنیادوں پر وسیع تعاون کا ہمارا عزم بدستورمستحکم ہے۔”
تاہم اس عطیہ کے ذریعے کوکا۔کولا نے سماجی طور پر ذمہ دار ادارے کے طور پر اپنے عزم کی مستحکم انداز سے توثیق کی ہے جس کا ملکی معیشت اور لوگوں کے تحفظ میں معاونت سے متعلق گہرا تعلق ہے اور اس عالمی وبا کے دوران ملک بھر میں جہاں کہیں بھی وسیع تعاون اور امداد کی ضرورت ہوگی وہ ہمیشہ ضروری قدم اٹھانے کو اہمیت دے گا۔